بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع کے لئے انچارج وزراء کا تقرر ایک دو دنوں میں کردیا جائے گا۔
اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ وزیراعلیٰ کمار سوامی نے اس معاملے پر ان سے دو دور کی بات چیت کی ہے۔ کل یا پرسوں اضلاع کی فہرست انچارج وزراء کے ساتھ جاری کردی جائے گی۔ امسال یوم آزادی کے موقع پر یہ تمام انچارج وزراء اپنے اپنے ضلع میں پرچم کشائی کریں گے۔ بلدی اداروں کے انتخابات کے سلسلے میں انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے ریزرویشن کا فارمولہ تیار کیا جارہاہے۔ ضوابط کے مطابق فارمولے کے تعین کے فوراً بعد بلدی اداروں کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔
نائب وزیراعلیٰ نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا کہ حکومت بلدی انتخابات کو ٹالنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ التواء کے بعد بھی کسی نہ کسی طر ح حکومت کو انتخابات کروانے ہی ہوں گے ، اسی لئے بروقت انتخابات کروا کر حکومت اپنی ذمہ داری سے بری ہونا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ودھان سودھا میں جاری ڈپٹی کمشنروں کی کانفرنس کے دوران انتخابات کے اہتمام کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔